• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: بھارتی شخص نے باپ کو ہتھوڑے سے ہلاک کر دیا

--فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
--فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

امریکا میں 28 سالہ بھارتی نژاد نوجوان نے اپنے 67 سالہ والد کو ہتھوڑے مار کر قتل کردیا۔ ملزم ابھیجیت پٹیل پر فرسٹ ڈگری قتل کا مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ 29 نومبر کو پیش آیا جب مقتول انوپم پٹیل کی اہلیہ آفس میں جبکہ باپ بیٹا گھر پر موجود تھے۔ انوپم پٹیل ذیابیطس کا مریض تھا اور اس کی شوگر مانیٹرنگ اہلیہ کے موبائل فون سے منسلک تھی۔ معمول کے مطابق صبح آٹھ بجے شوگر لیول سے متعلق فون کال نہ آنے اور شوگر لیول میں کمی دیکھ کر اہلیہ پریشان ہو کر گھر پہنچیں تو بیٹے کو گیراج میں پایا۔

بیٹے نے والدہ کو دیکھتے ہی بتایا کہ اس نے والد کا بہت اچھا خیال رکھا وہ جا کر دیکھ لیں، کمرے میں پہنچنے پر انوپم پٹیل کی خون میں لت پت لاش بستر پر پڑی تھی۔

ابھیجیت پٹیل کی والدہ نے پولیس اور امدادی ٹیم کو کال کر کے اطلاع دی، پولیس کے مطابق ابھیجیت پٹیل نے خود کو فوراً پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ جائے وقوعہ سے ہتھوڑا بھی برآمد کر لیا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتول کے سر پر کم از کم دو شدید ضربیں لگائی گئیں جن کے سبب ان کی کھوپڑی اور ناک ٹوٹ گئی۔

تفتیش کے دوران ابھیجیت پٹیل نے بتایا کہ اسے اپنے والد کو قتل کرنا اپنا فرض محسوس ہوا کیونکہ بچپن میں اس کے والد نے کئی بار اس کے ساتھ بدسلوکی کی تھی۔

ابھیجیت نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ وہ ہتھوڑا لے کر والد کے کمرے میں گیا اور کئی وار کیے، پھر ہتھوڑا وہیں رکھ کر باہر نکل آیا۔

طبی ریکارڈ کے مطابق ابھیجیت پٹیل کو شیزوفرینیا کی تشخیص ہو چکی ہے اور وہ ماضی میں علاج کے لیے اسپتال میں داخل بھی رہ چکا ہے، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ قاتل ذہنی طور پر مستحکم نہیں ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید