بہاولپور،(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار، ایجنسیاں )کاونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اے ایس آئی کو فائرنگ کرکے نامعلوم افرادنے قتل کردیا،سی ٹی ڈی ذرائع کاکہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کی جانب سے حملہ کیا گیاہے تفصیلات کے مطابق سمہ سٹہ کے قریب کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اے ایس آئی اللہ ڈتہ اپنے سی ٹی ڈی دفتر بہاولپورکیلئے آرہے تھے کہ راستے میں موٹرسائیکل سواردونامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی جس سے اللہ ڈتہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ موٹرسائیکل سوار مبینہ دہشت گرد موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع پر مقامی پولیس اورکاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے آفیسرز موقع پر پہنچ گئے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق اللہ ڈتہ بہت عرصہ تھانہ نوشہرہ جدید میں بھی تعینات رہا جبکہ سی ٹی ڈی میں آنے کے بعد بھی مختلف دہشت گردوں اور دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے وہ تفتیش بھی کررہاتھا اوراس کی رپورٹ پر دہشت گردوں کو سزائیں بھی ہوئیں۔اس لئے امکان ہے کہ کسی کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں نے ہی اس پر حملہ کیاہوگا تاہم سی ٹی ڈی معاملے کی تحقیقات کررہی ہے جبکہ واقعہ کامقدمہ ملتان سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیاجائے گا۔