بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرف سے مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد چوہان نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے مرحوم سرجن ڈاکٹر صغیر سمیجہ کی بیوہ ڈاکٹر سعدیہ کوبہاول پور آ کر50لاکھ روپے مالیت کا امدادی چیک دیا۔ڈاکٹر صغیر سمیجہ گذشتہ دنوں ہسپتال میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے کانگو وائرس کا شکار ہوئے اور بعد ازاں وفات پا گئے۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے مرحوم کی بیوہ سے اظہار تعزیت کیااوران کے بلنددرجات اور ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ مرحوم ڈاکٹر کی فیملی کے زیر استعمال سرکاری رہائش گاہ آئندہ 25سال کے لئے ان کو فیملی کو الاٹ کردی جائے۔انہوں نے ڈاکٹر سعدیہ کی ملازمت کو مستقل کرنے اورڈاکٹر صغیر سمیجہ کے بھائی کو بھی ملازمت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے یہ امداد ڈاکٹر صغیر سمیجہ کے سرکاری واجبات اور پنشن کے علاوہ ہے۔