فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گلگت بلتستان میں درآمدات پر ٹیکس استثنیٰ کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔
ایف بی آر کے اعلامیہ کے مطابق ٹیکس استثنیٰ کا غلط استعمال روکنے کے لیے جامع نظام وضع کیا گیا ہے، اس انتظام کے تحت کاروباری برادری کے مفادات متاثر نہیں ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق گلگت بلتستان کو ایک خصوصی حیثیت حاصل ہے، سیلز ٹیکس ایکٹ 1990، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 گلگت بلتستان میں لاگو نہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 بھی گلگت بلتستان میں لاگو نہیں کیا گیا، سوست ڈرائی پورٹ پر ان اشیاء پر ٹیکس استثنیٰ ہوگا جو جی بی میں استعمال ہوں۔
ایف بی آر کے مطابق گلگت بلتستان کے لیے درآمد اشیا کی سالانہ استثنیٰ کی حد 4 ارب روپے مقرر ہے، حکومت جی بی ٹیکس فری اشیا کے لیے تاجر کے کوٹے کا تعین کرے گی۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ کوٹہ ختم ہونے پر خودکار سسٹم قابلِ اطلاق ٹیکس وصول کرے گا، معاہدے کے مطابق کسی بھی خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔