• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سالِ نو کی آمد کی سرخوشی مبارک ہو

یعنی اس نئے دن کی زندگی مبارک ہو


ہر کسی کے آنگن میں راحتوں کے میلے ہوں

اپنے اپنے ملک کی بندگی مبارک ہو


پھر سے تازہ ہو جائیں ولولے محبت کے

دل لگانے والوں کو دل لگی مبارک ہو


اس چمن کی شبنم سے زندگی معطر ہو

شاخِ گل پہ غنچوں کو تازگی مبارک ہو


حسن والوں کو ان کے حسن کی ثنا پہنچے

عشق والوں کو ان کی عاشقی مبارک ہو


آج کچھ حقائق بھی میرا مُنہ چڑاتے ہیں

کیا کہوں میں مفلس کو مفلسی مبارک ہو


جن کی زندگی کے دن ایک جیسے رہتے ہیں

ان کو اپنی ہمت کی پختگی مبارک ہو


میں تو اپنے لوگوں کو چاہتا ہوں خوش کرنا

سب کو اس نئے دن کی روشنی مبارک ہو


میں کسی پڑوسی سے دشمنی نہیں رکھتا

سب کو میری جانب سے دوستی مبارک ہو


سادہ زندگی میں بھی اپنی ایک عظمت ہے

میرے سادہ لوگوں کو سادگی مبارک ہو


امن کا ہو گہوارہ سرزمین پاک اسلمؔ

اس کے ہر محافظ کو راستی مبارک ہو

تازہ ترین