جامعہ کراچی میں اساتذہ کی نمائندگی پر مشتمل سنڈیکیٹ کی نشستوں کے لیے انتخابات 8 جنوری کو ہوں گے۔
انتخابات میں دو گروپس کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے تاہم سب سے دلچسپ مقابلہ کی توقع پروفیسر کی نشست پر کی جارہی ہے جہاں آزاد امیدوار اور انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی دو مرتبہ صدر رہنے والی پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک میدان میں ہیں جب کہ کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فیڈریشن کے ڈاکٹر حارث شعیب اور ٹیگ کے محمد علی انتخاب لڑ رہے ہیں۔
ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی نشست کے لیے ٹیگ کے ڈاکٹر محسن علی اور کے یو ٹی ایف کے ڈاکٹر محمد ایاز امیدوار ہیں۔
اسسٹنٹ پروفیسرز کے زمرے میں ٹیگ کی ڈاکٹر ندا علی، آزاد امیدوار ڈاکٹر سید شاہ حسن اور کے یو ٹی ایف کے سید غفران عالم امیدوار ہیں تاہم ڈاکٹر سید شاہ حسن ڈاکٹر ندا علی کے حق میں بیٹھ گئے ہیں۔
اسی طرح لیکچررز کے زمرے میں ٹیگ کے ڈاکٹر کاشف ریاض، آزاد امیدوار سید ناصر اختر اور کے یو ٹی ایف کی شُمائلہ صمد خان میدان میں ہیں۔
قائم مقام رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی، جو ریٹرننگ افسر بھی ہیں، نے امیدواروں کی حتمی فہرست کی باضابطہ توثیق کر دی ہے۔
جامعہ کراچی کے اساتذہ حلقوں میں ان انتخابات کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ سنڈیکیٹ جامعہ کا اعلیٰ ترین انتظامی و پالیسی ساز ادارہ ہے، جس میں اساتذہ کی نمائندگی فیصلوں میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامی و انتخابی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور امیدواروں نے اپنے ووٹرز سے رابطے شروع کردیے ہیں۔