چینی شہری ریان چن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زبردست انداز میں نقل اتار کر سوشل میڈیا صارفین کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
جنوب مغربی چین سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ ریان چن کی دلچسپ ویڈیوز انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور مختلف چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہیں۔
ان وائرل ویڈیوز میں اُنہیں بہت مہارت کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کی نقل اتارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ریان چن اپنی ایک وائرل ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح ڈانس کرتے بھی نظر آئے۔
ریان چن نے اپنے آبائی شہر چونگ شنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ ایک ایسا کنواں ہیں جو کبھی خشک نہیں ہوتا کیونکہ وہ ایسے شخص ہیں جو سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ وائرل ہوسکتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک بہت اچھے انٹرٹینر ہیں۔
ریان چن نے بتایا کہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو اس وقت سے فالو کر رہا ہوں جب سے اُنہوں نے ریئلٹی ٹی وی شو ’دی اپرنٹس‘ کی میزبانی کی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی نقل ان کا مذاق اڑانے کے لیے نہیں کرتا بس صرف لوگوں کو انٹرٹین کرنے کے لیے کرتا ہوں۔
ریان چن نے کہا کہ اس طرح میری ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ہیں اور میں اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ چین اور اپنے آبائی شہر کی ایک مثبت تصویر دنیا کے سامنے پیش کر سکتا ہوں۔