بنگلادیش کی عبوری حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بھارت میں اپنے اہم سفارتی مشنز، بشمول نئی دہلی میں ہائی کمیشن کو ویزا سروسز معطل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔
بنگلادیش کے امورِ خارجہ کے مشیر ایم توحید حسین نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں موجود بنگلادیش کے تین سفارتی مشنز کو عارضی طور پر ویزا سروس معطل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بنگلادیش کے ممبئی اور چنئی میں موجود سفارتی مشنز میں ویزا سروسز بدستور جاری ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے بھی 5 اگست 2024 کے بعد سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر بنگلادیشی شہریوں کے لیے ویزا پابندیاں عائد کی تھیں۔
ڈھاکا اور نئی دہلی کے تعلقات جولائی اور اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے پُرتشدد احتجاج کے نتیجے میں اس وقت کی وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے مسلسل تناؤ کا شکار ہیں۔