تھائی میں ایک نجومی خاتون کا اسمارٹ فون چوری کرنے پر پکڑا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جعلی نجومی نے کلائنٹ خاتون کا اسمارٹ فون اس لیے چرایا تاکہ اپنی پیشگوئی کو سچ ثابت کرسکے۔
اس سے قبل اس نے خاتون کو بتایا تھا کہ اس کی کوئی قیمتی چیز چوری ہونے والی ہے۔ پولیس کے مطابق قسمت کا حال بتانے والے 38 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جس نے ایک مندر میں عبادت کے لیے آنے والی خاتون کا اسمارٹ فون چوری کر لیا تھا۔
19 سالہ متاثرہ لڑکی نئے سال میں اپنی قسمت کا حال جاننے کے لیے مندر کے باہر بیٹھے بوسیدہ لباس پہنے شخص کے پاس رکی۔
تاہم اس نجومی نے تاش کے پتوں کا ایک ڈیک استعمال کرتے ہوئے خاتون کا فال دیکھا اور اسے خبردار کیا کہ اسے مستقبل قریب میں بدقسمتی اور کسی قیمتی چیز کے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس نے ان واقعات کو ہونے سے روکنے کی پیشکش بھی کی، مگر اس کے بدلے فیس طلب کی، تاہم نوجوان خاتون نے انکار کر دیا۔
جس کے بعد یہ لڑکی مندر میں چلی گئی، مگر جلد ہی اسے احساس ہوا کہ اس کا آئی فون غائب ہو چکا ہے۔ اس موقع پر اسے نجومی بات یاد آتے ہی وہ فوراً واپس گئی اور اس سے اس بارے میں پوچھا تاہم اس نے کسی بھی قسم کی مداخلت سے انکار کیا اور کہا کہ یہ چوری دراصل اس کی پیشگوئی کی تصدیق ہے۔ اس نے اس موقع پر چور کی ظاہری شکل تک بیان کر ڈالی۔
تاہم خاتون نے اسکی باتوں میں آنے کے بجائے شور مچا دیا، جس پر وہاں موجود راہگیروں نے اس کی مدد کی اور نجومی کے سامان کی تلاشی لی تو لڑکی کا آئی فون اسکے پاس سے نکل آیا۔ جس کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔