ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ رابطے کے ذرائع بحال ہیں، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف کے درمیان رابطے کُھلے ہیں۔
اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ عباس عراقچی اور وٹکوف کے درمیان ضرورت پڑنے پر پیغامات کا تبادلہ ہوتا ہے، روایتی ثالث سوئٹزرلینڈ کے ذریعے بھی رابطے کُھلے رہتے ہیں۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا نے کچھ معاملات کا ذکر کیا، کچھ عمومی خیالات سامنے آئے، مجموعی طور پر ایران کبھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹا، امریکا کی طرف سے متضاد بیانات سنجیدگی کے فقدان کو ظاہر کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایران نے داخلی امور میں کسی بھی بیرونی مداخلت کو مسترد کردیا، ایران نے حالیہ داخلی صورتحال پر فیکٹ شیٹ جاری کردی۔
ایرانی فیکٹ شیٹ میں حالیہ واقعات کو اندرونی معاملہ قراردیا گیا ہے۔
ایرانی سفارتخانے کے مطابق عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بعض واقعات کو جان بوجھ کر غلط انداز میں پیش کیا جارہا ہے، سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں، فیکٹ شیٹ میں قانون کی عملداری پر زور دیا گیا ہے۔