لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ گلگت بلتستان کے وسائل پر وہاں کے عوام کا حق ہے ، کسی کو عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے دیامراور بھونجی ڈیم فوری تعمیر کیے جائیں اور پاک چائنہ کوری ڈور میں اس علاقے کو بھی شامل کیا جائے ۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو باہم مربوط کر کے آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنائیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے آزادی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کی پشت پر کھڑے ہیں۔کشمیر کی آزادی کے راستے میں انگریز کا چھوڑا ہوا جاگیردارانہ نظام بڑی رکاوٹ ہے ۔ جماعت اسلامی، اسلامی و خوشحال پاکستان کے جس ایجنڈے کو لے کر چل رہی ہے اس میں جاگیرداروں ، سرمایہ داروں اور وڈیروں کاکوئی مستقبل نہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کوئٹہ کو خون میں نہلانے والوں کا سراغ لگانا حکومت اور سیکورٹی اداروں کو اولین ترجیح بناناچاہیے۔عبدالرشید ترابی نے کہاکہ ہم گلگت بلتستان کے حقوق کی جنگ بھی لڑیں گے اور عوام کو ان کے چھینے گئے حقوق واپس دلا کر رہیں گے ۔