• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیو یارک کے میئر ظہران ممدانی کی اہلیہ کے ہمراہ نئے گھر میں انٹری

تصویر:بین الاقوامی میڈیا
تصویر:بین الاقوامی میڈیا

نیو یارک سٹی کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی اور ان کی اہلیہ راما دواجی باضابطہ طور پر میئر کی سرکاری رہائش گاہ گریس مینشن منتقل ہو گئے۔

34 سالہ میئر ظہران ممدانی نے اپنی زندگی کے اس نئے مرحلے کا اعلان اپنے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا، جہاں انہوں نے گریس مینشن کو ’عوام کا گھر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمارت ہمیشہ نیو یارک کے عوام سے تعلق رکھے گی۔

اپنی پوسٹ میں ممدانی نے لکھا کہ راما اور میں خود کو خوش نصیب سمجھتے ہیں کہ ہم بھی دیگر نیو یارکرز کی طرح شہر کے ایک نئے حصے میں منتقل ہو رہے ہیں، ہم اپر ایسٹ سائیڈ میں ملنے والی خوش آمدید پر شکر گزار ہیں اور گریس مینشن کے مکین بننے پر عاجزی محسوس کرتے ہیں، جو دراصل عوام کا گھر ہے۔

اس موقع پر انہوں نے اہلیہ کے ہمراہ گریس مینشن میں داخل ہوتے ہوئے تصاویر بھی شیئر کیں، جس میں ان کا سامان بھی نئی رہائش گاہ میں منتقل کیا جا رہا تھا۔

ظہران ممدانی نے گزشتہ دسمبر میں تصدیق کی تھی کہ وہ اور ان کی اہلیہ سرکاری میئر رہائش گاہ میں منتقل ہوں گے۔ اس سے قبل وہ گزشتہ پانچ برس سے کوئنز میں واقع ایک رینٹ اسٹیبلائزڈ اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے، جہاں وہ ماہانہ 2300 ڈالر کرایہ ادا کر رہے تھے۔

میئر رہائش گاہ منتقل ہونے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے ظہران ممدانی نے کہا کہ یہ فیصلہ بنیادی طور پر خاندان کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاہم انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ وہ اپنے سابقہ اپارٹمنٹ کی کئی باتوں کو یاد کریں گے۔

ان کے مطابق ہمیں اپنے کچن میں ساتھ کھانا پکانا، شام کے وقت پڑوسیوں کے ساتھ لفٹ کا سفر اور دیواروں کے پار سے موسیقی اور قہقہوں کی آوازیں سننا یاد آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ نیو یارک کے شہریوں کی جانب سے دیے گئے افورڈیبلٹی ایجنڈے پر مکمل توجہ دینے کے لیے بھی ضروری تھا۔

اس کے برعکس گریس مینشن ایک مکمل عملے کے ساتھ چلنے والی 11 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل شاندار رہائش گاہ ہے، جو دریا کنارے اپر ایسٹ سائیڈ میں واقع ہے، یہ عمارت 1942 سے نیو یارک سٹی کے میئرز کی سرکاری رہائش گاہ چلی آ رہی ہے اور اس میں ہر میئر نے قیام کیا، سوائے ارب پتی سابق میئر مائیکل بلومبرگ کے، جو اپنے ذاتی گھروں میں زیادہ تر مقیم رہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید