• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی چینی صدر کو دورۂ پاکستان کی پھر دعوت

فوٹو: پی آئی ڈی
فوٹو: پی آئی ڈی 

وزیر اعظم شہباز شریف سے نائب وزیر، بین الاقوامی شعبہ مرکزی کمیٹی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (IDCPC) سن ہائی یان نے ملاقات کی۔

 اس موقع پر شہباز شریف نے چینی صدر کو اس سال پاکستان کا دورہ کرنے کی پھر دعوت دی۔

وزیر اعظم نے ایک چین پالیسی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اقتصادی شراکت داری کے حوالے سے وزیر اعظم نے پاکستان کے لیے چین کی فراخدلانہ معاونت، بالخصوص سی پیک کے تحت تعاون کو سراہا اور سی پیک کے اگلے مرحلے کے بروقت نفاذ کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منارہے ہیں، اس سال کا آغاز پاکستان کے نائب وزیراعظم کے بیجنگ کے کامیاب دورے سے ہوا، پھر وزیر داخلہ نے شنگھائی کا دورہ کیا، اسپیکر قومی اسمبلی کا بھی چین کا دورہ جلد متوقع ہے۔

چینی نائب وزیر سن ہائی یان نے ملک میں اقتصادی اور سیاسی استحکام لانے پر وزیراعظم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں اور چینی قوم پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتی ہے۔

سن ہائی یان نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ اس سال پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل ہورہے ہیں، پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے مشاورت کی ہے، پاک چین تعلقات کو بلند ترین سطح پر لے جانا چاہتے ہیں، ہم متحد اور اپنی دوستی آگے لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کی گزشتہ 5 سال جی ڈی پی 5.5 فیصد سے زیادہ رہی، چین اپنی مارکیٹ اوپن کررہا ہے، دیگر ممالک کو مارکیٹ تک رسائی دے رہے ہیں، چین کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔

چینی نائب وزیر نے کہا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ بہت کامیاب رہا، اب دوسرا مرحلہ شروع کررہے ہیں، دوسرا مرحلہ پیچیدہ ہے، مزید شراکت داروں کو آن بورڈ لینا ہوگا، دوسرے مرحلے کو کامیاب بنانے کے لیے کام کررہے ہیں، سب سے زیادہ 30 ہزار پاکستانی طلبہ اسکالرشپ پر چین میں ہیں۔

قومی خبریں سے مزید