• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: سینئر ریلوے ملازمین کو دیے گئے ’چاندی‘ کے تمغے جعلی ہونے کا انکشاف

--فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا
--فوٹو بشکریہ بھارتی میڈیا 

بھارت میں ریلوے کے ریٹائرڈ ملازمین کو اعزاز کے طور پر دیے گئے گولڈ پلیٹڈ چاندی کے تمغے جعلی نکلے۔ لیبارٹری میں کروائی گئی جانچ میں انکشاف ہوا کہ یہ تمغے تقریباً مکمل طور پر تانبے کے بنے تھے جن میں چاندی کی مقدار محض 0.23 فیصد تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تمغے ویسٹ سینٹرل ریلوے کی جانب سے ریٹائر ہونے والے سینئر ملازمین کو دیے گئے تھے جنہیں 99 فیصد چاندی کا بتایا گیا تھا۔

بھارتی ریلوے حکام کے مطابق تمغے جنوری 2023ء میں اِندور کی ایک نجی کمپنی سے خریدے گئے تھے۔ ہر 20 گرام کے تمغے کی قیمت 2,000 سے 2,200 روپے ادا کی گئی۔ مجموعی طور پر 3 ہزار 631 تمغے فراہم کیے گئے تھے۔

شکایت سامنے آنے کے بعد ریلوے ویجیلنس نے نیشنل ایکریڈیٹیشن بورڈ برائے ٹیسٹنگ اینڈ کیلیبریشن لیبارٹریز سے منظور شدہ اور متعدد سرکاری لیبارٹریز میں تمغوں کی جانچ کروائی جس میں جعلسازی کی تصدیق ہوئی۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد سپلائر کمپنی کو بلیک لسٹ اور بھوپال میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

بھارتی حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ معاملہ صرف مالی نقصان کا نہیں بلکہ ریٹائرڈ ملازمین کی عزت اور اعتماد سے جڑا ہوا ہے، باقی تمغے ضبط کیے جا رہے ہیں اور ملزمان کے خلاف  کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید