چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے ہمیں معرکہ حق میں عظیم کامیابی دی، ساری دنیا آج ہماری صلاحیتوں کو مان رہی ہے۔
راولپنڈی میں قومی یکجہتی و پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت، دشمن ممالک، فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان پاکستان کو انتشار کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔
مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا ہے کہ ہم ان دشمنوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ تمہارے فتنے کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ریاست کے اندر ہتھیار اٹھانے کو حرام قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دشمن کو کہہ دینا چاہتے ہیں یہ زمین تمہارے فتنہ کے لیے نہیں ہے، یہ زمین محبت اور وحدت کی زمین ہے، کسی فتنہ فساد کو نہیں چلنے دیا جائے گا، یہاں تمام مسالک اور فرقے کے بیٹھے لوگ پیغام دے رہے ہیں کہ ہم سب ایک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو وحدت، استحکام اور قومی یکجہتی کی ضرورت ہے، آج منبر و محراب کا کردار بہت زیادہ اہم ہے۔