سی او او ریسکیو ڈاکٹر عابد جلال الدین نے کہا ہے کہ سانحے کا شکار گل پلازا کی دونوں منزلوں سے اب تک کوئی لاش نہیں ملی، اسٹاف کی سیفٹی اور عمارت کی حالت کو دیکھتے ہوئے سرچنگ کا کام جاری ہے۔
اپنے بیان میں سی او او ریسکیو نے کہا کہ گل پلازا میں لگنے والی آگ تیسرے درجے کی تھی، ریسکیو کا رسپانس بروقت تھا اس میں کوئی تاخیر نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت گل پلازا میں سرچنگ چل رہی ہے، دوسری اور تیسری منزل پر سرچنگ کا عمل جاری ہے۔ گل پلازا کے تیسرے فلور سے ابھی تک کوئی لاش نہیں ملی۔
ڈاکٹر عابد جلال الدین نے کہا کہ کسی بھی عمارت میں فائر الارم اور فائر ایگزیکٹ ہونا بہت ضروری ہے، عمارتوں میں اسپرنکل سسٹم ہونا بھی بہت ضروری ہے۔
دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے سانحہ گل پلازا میں اموات سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک 20 لاشیں سول اسپتال لائی گئی ہیں۔
پولیس سرجن نے کہا کہ 14 لاشوں کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں جن میں سے 7 لاشوں کی شناخت مکمل ہو چکی ہے۔
ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا تھا کہ ساتویں لاش کی شناخت قومی شناختی کارڈ کے ذریعے ممکن ہوئی، متوفین کی شناخت کے لیے 48 اہل خانہ کے نمونے مل چکے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام نمونے سندھ فرانزک ڈی این اے لیبارٹری بھیجے گئے ہیں، جائے وقوعہ سے کچھ انسانی اعضاء بھی لائے گئے جن پر کام جاری ہے۔