وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کراچی میں گل پلازا سانحے کے مقام کا دورہ کیا اور متاثرین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ گل پلازا میں جانی اور مالی نقصان ہوا ہے، اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر ہر ممکن کوشش کرے گی تاکہ متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
جام کمال نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا سانحہ ہے اور اس سے سامنے آنے والی گورننس کی خامیوں کو ختم کیا جائے گا، سندھ حکومت اور میئر کراچی کے نوٹس میں تمام معاملات ہیں، کام جاری ہے اور وفاقی حکومت مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر تجارت نے مزید کہا کہ ان کی ذمے داری تاجر برادری سے متعلق امور ہیں اور اس حوالے سے بھی متاثرہ تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، وفاقی حکومت ہر لحاظ سے مدد کرے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللّٰہ مراد بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔