بھارتی ریاست اترپردیش میں بھارتی فضائیہ کا تربیتی مائیکرولائٹ طیارہ کریش کرگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے شہر پریاگ راج میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کا ایک مائیکرو لائٹ طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔
بھارتی فضائیہ کےمطابق کریش ہونے والے طیارے کے دونوں پائلٹس واقعے میں محفوظ رہے جنہیں ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
حادثے کے مقام سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں طیارے کا ملبہ زمین پر بکھرا ہوا دکھائی دیتا ہے، جبکہ کچھ حصّوں میں آگ بھی لگی نظر آتی ہے۔ ایک اور ویڈیو میں پائلٹس کو بحفاظت ایجیکٹ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق فضائیہ کا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پریاگ راج میں ایک تالاب میں گرا۔ واقعے میں شہری و املاک بھی محفوظ رہے، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا حکم دیدیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ حالیہ عرصے میں بھارتی فضائیہ کے تربیتی حادثات کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
گزشتہ سال نومبر میں چینئی کے قریب تامبارم میں معمول کی تربیتی مشن کے دوران پیلاٹس پی سی-7 بیسک ٹرینر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں پائلٹ بحفاظت ایجیکٹ ہو گیا تھا۔
اسی طرح گزشتہ سال مارچ میں ہریانہ کے علاقے پنچکولا کے قریب بھارتی فضائیہ کا جیگوار لڑاکا طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا تھا۔ اس موقع پر پائلٹ نے طیارے کو آبادی سے دور لے جا کر بحفاظت ایجیکٹ کیا تھا۔