جاپان کے سابق وزیرِاعظم شنزو آبے کے قاتل ٹیٹسویہ یاماگامی کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی عدالت نے 45 سالہ مجرم یاماگامی کے خلاف یہ فیصلہ آج سنایا ہے۔ یاماگامی نے 2022ء میں انتخابی مہم کے دوران شنزو آبے کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔
استغاثہ کے مطابق یہ قتل جاپان کی بعد از جنگ تاریخ میں غیر معمولی نوعیت کا واقعہ ثابت ہوا تھا جس نے معاشرے پر سنگین اثرات مرتب کیے۔
مجرم یاماگامی کے وکلاء نے 20 سال قید کی درخواست کی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزم کے خاندان کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے تاہم عدالت نے عمر قید برقرار رکھی ہے۔