• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: وزن کم کرنے کا جنون، بوریکس کا استعمال کرنیوالی لڑکی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں وزن کم کرنے کے لیے سوشل میڈیا پر دیکھی گئی ایک ویڈیو پر عمل کرنا کالج کی نوجوان طالبہ کی ہلاکت کا سبب بن گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 19 سالہ کالج طالبہ کلایاراسی نے یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر بوریکس (سوڈیم ٹیٹرا بورَیٹ) کا استعمال کیا تھا جس کے چند گھنٹوں بعد ہی اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس کے مطابق کلایاراسی نے 16 جنوری کو بوریکس خریدا تھا اور 17 جنوری کو اسے وزن کم کرنے کے مقصد سے استعمال کیا۔ فوری طور پر اسے قے اور اسہال کی شکایت شروع ہو گئی۔ ابتدائی علاج کے بعد کلایاراسی کی حالت مزید بگڑ گئی، پیٹ میں شدید درد اور الٹی کے ذریعے خون آنے کے سبب چند گھنٹوں کے دوران ہی نوجوان طالبہ کی موت واقع ہو گئی۔

بوریکس کیا ہے؟

بوریکس ایک کیمیائی مادہ (منرل پاؤڈر) ہے جو عام طور پر صفائی کے سامان، ڈیٹرجنٹس، کیڑے مار ادویات اور صنعتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ انسانی استعمال کے لیے ہرگِز محفوظ نہیں۔

بوریکس سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا استعمال انتہائی زہریلا ہے۔ اس کے اثرات معدے، گردے، دل اور دماغ پر پڑتے ہیں اور یہ قلیل وقت میں اعضاء کو ناکارہ بنا سکتا ہے۔

طبی ماہرین کا خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بوریکس وزن کم کرنے کا کوئی محفوظ یا سائنسی طریقہ نہیں، بلکہ یہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹروں نے عوام، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر موجود غیر مستند اور ’فوری وزن کم کرنے‘ کے نسخوں سے دور رہیں۔ وزن کم کرنے کے لیے متوازن غذا، ورزش اور ماہرِ صحت کے مشورے کو ہی اختیار کریں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید