• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی امیگریشن کا چھاپہ: 5 سالہ بچہ زیر حراست، والد گرفتار

کولاج بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
کولاج بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

امریکی امیگریشن حکام (ICE) نے منیسوٹا میں پری اسکول سے گھر پہنچنے والے 5 سالہ بچے لیام کونیخو راموس کو حراست میں لے لیا۔ اسکول حکام کا کہنا ہے کہ بچے کو اس کے والد کی گرفتاری کے لیے بطور ’مہرہ‘ استعمال کیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکول کی سپرنٹنڈنٹ زینا اسٹینوک نے بتایا کہ وفاقی اہلکاروں نے بچے کو اسکول سے گھر پہنچنے والی چلتی گاڑی سے اتارا اور اسے دروازہ کھٹکھٹانے کو کہا تاکہ گھر میں موجود افراد کا پتہ چل سکے۔

بچے کا خاندان 2024ء میں امریکا آیا تھا اور اس کے والد ایڈرین الیگزینڈر کونیخو کا اسائلم کیس زیرِ سماعت ہے، خاندان کو ملک چھوڑنے کا کوئی حکم نہیں دیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمۂ داخلی سلامتی نے اپنے اہلکاروں پر اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بچے کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ ترجمان کے مطابق والد کی گرفتاری کے دوران بچے کی حفاظت کے لیے ایک افسر اس کے ساتھ رہا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بچے اور اس کے والد کو ٹیکساس کے ڈِلی امیگریشن حراستی مرکز منتقل کیا گیا ہے۔ 

اس پر بچوں کے حقوق کی تنظیم نے مرکز میں حالات خراب ہونے اور بچوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اسکول کے حکام کے مطابق حالیہ ہفتوں میں اسی ضلع کے 4 طلبہ کو امیگریشن حکام نے حراست میں لیا، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ منیسوٹا میں حالیہ چھاپوں کے دوران ہزاروں گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید