کراچی میں آتش زدگی کے باعث تباہ ہونے والی گل پلازا کی متاثرہ عمارت میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ سانحہ گل پلازا کی تحقیقات میں اہم پیش رفت بھی سامنے آئی ہے۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے گل پلازا ملبے سے 3 ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈرز برآمد کر لیے۔
اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو 3 ڈی وی آر اور چارجر گل پلازا کی مسجد کے اطراف میں واقع کمرے سے ملے ہیں۔
برآمد کیے گئے ڈی وی آر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے ڈی سی ضلع جنوبی کی تحویل میں دے دیے گئے۔
ڈی وی آرز کی مدد سے سانحۂ گل پلازا کی وجوہات جاننے میں اہم شواہد ملنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سانحۂ گل پلازا کی متاثرہ عمارت میں حفاظتی اقدامات کے ساتھ سرچ اور ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کا بڑا کاروباری شاپنگ سینٹر گل پلازا گزشتہ ہفتے آگ لگنے سے مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہو چکی ہے،77 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جاں بحق 15 افراد کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ 48 لاشوں کے پوسٹ مارٹم مکمل ہو چکے ہیں۔