کراچی میں آتش زدگی کا شکار ہو کر تباہ ہونے والے گل پلازا کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔
ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے انکشاف کیا ہے کہ آج گل پلازا کا ملبہ اٹھانے کے دوران ڈیڑھ کلو سونا بھی ملا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گل پلازا کی عمارت میں جیولرز کی دکان قائم تھی جہاں سے سونا ملا ہے، ملنے والا ڈیڑھ کلو سونا دکان کے مالک کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کا کہنا ہے کہ 90 فیصد بلڈنگ کو کلیئر کر دیا گیا، حساس جگہ ہے، ملبے کو احتیاط سے اٹھا رہے ہیں، اب تک 10 سے 11 افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کل سے ہماری لسٹ 82 افراد کی ہے، اب بھی اگر کوئی مسنگ ہے تو آ جائیں اندراج کرائیں، 71 افراد کی لاشیں اب تک مل چکی ہیں، ملبہ اٹھانے کا کام کافی وقت طلب ہے۔
ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ سرچ آپریشن آج رات تک مکمل ہونے کا امکان ہے، ہم نے ڈی وی آر پولیس کے حوالے کر دیا ہے، ڈی وی آر فارنزک کے لیے بھیج دیا ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے بتایا کہ ڈی وی آر اب تک مکمل نہیں ملا ہے، ڈی وی آر کی ہارڈ ڈسک مسنگ ہے، مطلوبہ ڈی وی آر کے حوالے سے کوشش جاری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سانحے کا مقدمہ وزیرِ اعلیٰ سندھ کی بنائی ہوئی کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر درج کیا جائے گا۔
دوسری جانب سانحہ گل پلازا کے دوران ریسکیو آپریشن اور ملبہ اٹھانے کے عمل کے دوران سنگین غفلت کا مظاہرہ سامنے آیا ہے۔
گل پلازا کا ملبہ اٹھا کر لے جانے والے ڈمپر سے انسانی باقیات سڑک پر گر گئیں۔
شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک پر گرنے والی انسانی باقیات کو سول اسپتال منتقل کیا۔
واضح رہے کہ کراچی کا بڑا کاروباری شاپنگ سینٹر گل پلازہ گزشتہ ہفتے آگ لگنے سے مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 67 ہو چکی ہے،77 افراد تاحال لاپتہ ہیں، جاں بحق 15 افراد کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ 48 لاشوں کے پوسٹ مارٹم مکمل ہو چکے ہیں۔