شیخوپورہ (نمائندہ جنگ سے) شیخوپورہ سے ہمارے نمائندہ کے مطابق بدھ کو شہر اوراس کے نواحی علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے کاروبار زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا۔ شہر کے گٹروں کا پانی نکالنے کے لیے فیصل آباد روڈ پر کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے باہڑیانوالہ کے نزدیک بنائے گئے ڈسپوزل ورکس کے بڑے کنویں کی دیوار ناقص مٹیریل استعمال کیے جانے کے باعث گر گئی جس کے بعد نہ صرف شہر سے گندے پانی کا نکاس بند ہو گیا بلکہ ڈسپوزل ورکس باہڑیانوالہ سے ملحقہ سیم نالہ کا گندا پانی بھی شہر کے گٹروں کی پائپ لائنوں میں داخل ہو گیا جس کے خلاف سینکڑوں شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بارش کے باعث محکمہ مال کے جوڈیشل ریکارڈ روم میں بارش کا پانی داخل ہونے کے باعث تحصیل فیروزوالہ کا سرکاری اور غیر سرکاری املاک کا اہم ریکارڈ پانی کی زد میں آ گیا۔