کراچی میں یکم جنوری سے اب تک 3 ہزار سے زائد کتوں کے کاٹنے کے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
کراچی کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں کتوں کے کاٹے کے کیسز میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان انڈس اسپتال کے مطابق کراچی کے مختلف اسپتالوں میں رواں سال اب تک کتوں کے کاٹنے کے 3 ہزار 40 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق یکم جنوری سے اب تک انڈس اسپتال میں سب سے زیادہ، 1300 سے زائد ڈاگ بائٹ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جناح اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق اسپتال میں اسی عرصے کے دوران 700 سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
اس کے ساتھ سول اسپتال میں رواں سال کے آغاز سے اب تک کتے کے کاٹے کے1 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسپتال حکام کے مطابق مریضوں کی بڑی تعداد روزانہ ایمرجنسی میں لائی جا رہی ہے، نجی اسپتالوں میں بھی کتوں کے کاٹنے کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں، اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال میں اب تک 20 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جاتی ہے، اسی طرح فیڈرل بی ایریا کے ایک نجی اسپتال میں بھی 20 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق مامجی کا کہنا ہے کہ ابتدائی علاج کے بعد مریضوں کو سرکاری اسپتال منتقل کر دیا جاتا ہے۔