• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اقوام متحدہ میں ایرانی مشن

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں ساتھ ہی دفاع کے لیے بھی تیار ہیں۔

سوشل میڈیا پر بیان میں ایرانی مشن کا کہنا تھا کہ ایران باہمی احترام اور مفادات کی بنیاد پر مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن اگر ایران پر دباؤ ڈالا گیا تو ایران اپنا دفاع کرے گا اور ایسا ردعمل دے گا جو پہلے کبھی نہیں دیا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو معاہدہ نہ کرنے پر بدترین حملے کا سامنا کرنے کی دھمکی دی ہے۔ 

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ہے کہ ایران نے معاہدہ نہ کیا تو اگلا حملہ کہیں زیادہ بدتر ہوگا، وینزویلا بھیجے گئے بیڑے سے بھی بڑا طیارہ بردار بحری بیڑا ابراہم لنکن تیزی سے بھرپور طاقت کے ساتھ ایران کی طرف بڑھ رہا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ وینزویلا کی طرح یہ بحری بیڑا بھی ضرورت پڑنے پر طاقت اور تشدد سے اپنے مشن کو فوری مکمل کرنے کا اہل ہے، امید ہے ایران جلد از جلد مذاکرات کی میز پر آ کر منصفانہ اور مساوی معاہدے پر بات چیت کرے گا، کوئی جوہری ہتھیار نہیں، ایسا معاہدہ جو تمام فریقین کے لیے بہتر ہو، وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور معاملہ نہایت اہم ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں نے ایران سے پہلے بھی کہا تھا معاہدہ کر لو لیکن ایران نے ایسا نہیں کیا اور پھر آپریشن مڈنائٹ ہیمر ہوا، ایران کو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا، اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ شدید ہوگا، ایسا دوبارہ ہونے نہ دیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید