اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی کریملن میں ملاقات ہوئی۔
ماسکو سے میڈیا رپورٹ کے مطابق کریملن میں اماراتی صدر شیخ محمد کے اعزاز میں سرکاری استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ روسی فضائیہ نے شیخ محمد بن زاید کے طیارے کو اعزازی سلامی دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اسرائیل فلسطین تنازعہ پر دونوں رہنماؤں نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ حل پر زور دیا۔
مشرق وسطیٰ میں جامع امن کیلئے فوری اور مؤثر کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عرب امارات روس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، خلاء اور توانائی میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی امن و استحکام کیلئے مذاکرات اور پرامن حل پر اتفاق کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق روس عرب امارات اقتصادی معاہدوں سے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھے گی۔ ملاقات میں روس اور یوکرین کے قیدیوں کے تبادلے میں اماراتی ثالثی کو سراہا گیا اور یوکرین بحران کے حل کیلئے سفارتی کوششیں تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔