کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کینیڈا کے بنے ہوئے طیاروں کی سرٹیفیکیشن منسوخ کرنے اور ان پر ٹیرف (درآمدی ڈیوٹی) عائد کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے بومبارڈیئر کو خاص طور پر نشانہ بنایا۔ یہ اقدام پڑوسی ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں تازہ ترین اضافے کی علامت ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں، صدر ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ کینیڈا نے غلط، غیر قانونی اور ہٹ دھرمی کے ساتھ گلف اسٹریم 500، 600، 700، اور 800 جیٹ طیاروں کی سرٹیفیکیشن سے انکار کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ہم اس کے ذریعے ان کے بومبارڈیئر گلوبل ایکسپریس اور کینیڈا میں بننے والے تمام طیاروں کی سرٹیفیکیشن منسوخ کر رہے ہیں۔ یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ایک عظیم امریکی کمپنی، گلف اسٹریم کو مکمل طور پر سرٹیفائی نہیں کر دیا جاتا، جیسا کہ اسے کئی سال پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔