• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے فائر ٹینڈر نوابشاہ اور لاڑکانہ میں کھڑے ہیں، خالد مقبول صدیقی

کراچی میں نفرت و حادثات کے بارود کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، خالد مقبول صدیقی - فوٹو: فائل
کراچی میں نفرت و حادثات کے بارود کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، خالد مقبول صدیقی - فوٹو: فائل

چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا ہے کہ کراچی کو جھلسانے کا کام یہاں کے حکمرانوں کو دیا گیا ہے، کراچی کے فائر ٹینڈر نوابشاہ لاڑکانہ میں کھڑے ہیں۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ کراچی میں نفرت و حادثات کے بارود کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں ٹیکس تو وصول کیا جاتا ہے مردم شماری میں گنا نہیں جاتا، یہاں ٹیکس دینے والوں کو عمارتوں میں جھلسایا جاتا ہے۔ 

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ گورنر ہاؤس سندھ کے شہری علاقوں کی نمائندگی کرتا ہے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ اس شہر کی داد رسی نہیں کریں گے تو گورنر ہاؤس ہی کرے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور گورنر لواحقین کو پلاٹ دیں گے، بھارتی سازش کے تحت بلوچستان میں ہونے والے عوامل کی مذمت کرتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فائر ٹینڈر یا پانی کی کمی کا نہیں بلکہ حکمرانوں کی آنکھوں میں پانی کا ہے، کراچی کے فائر ٹینڈر نوابشاہ لاڑکانہ میں کھڑے ہیں۔

کراچی کے لوگ یاد رکھیں ہم ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، فاروق ستار 

دریں اثنا ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے گورنر ہاؤس میں سانحہ گل پلازہ سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لوگ یاد رکھیں ہم ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

فاروق ستار نے کہا کہ کئی سالوں سے یہاں معاشی تباہی ہو رہی ہے،  گورنر سندھ وفاقی نمائندے ہیں جو آپ کے دکھ درد میں آپ کے ساتھ ہیں،  ہمارے نظام میں جو کمی تھی اسے پورا کرنا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا فائر ٹینڈر کیوں نہیں آئے، پانی کیوں کم تھا ان چیزوں پر قابو پانا ہے، فرارنزک لیبارٹیری پانچ سال سے کیوں نہیں بن پائی، پی ڈی ایم اس سانحے پر کہاں غائب تھی، کیوں دروازے اور دیوار توڑ کر لوگوں کو نہیں بچایا جاسکا۔ 

فاروق ستار نے کہا کہ بات اب فیصلے کی طرف جانی چاہیے ہمارا اس پر آئینی مطالبہ ہے، حادثہ خواب غفلت سے جگا رہا ہے تو جوابات دینے ہوں گے، چیف جسٹس اپنی سربراہی میں کمیشن تشکیل دیں۔

انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں کراچی بچے گا تو پاکستان بچے گا، کراچی کو بچانے کے لیے تمام توانائی صرف کرنی چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید