وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، کل وزیراعظم کی طرف سے دعوت ملی ہے، صوبے کے مسائل کا مقدمہ رکھوں گا۔
خیبر میں امن جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق نے ماضی میں آئی ڈی پیز کے اربوں روپے ہڑپ کیے، میں نے 4 ارب مختص کیے تو وفاق مجھ پر کرپشن کے الزامات لگا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 ارب نہیں متاثرین کے لیے 100 ارب روپے دیں گے، گورنر راج لگانے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ آپ کو واپس تیراہ جانا ہے یا اسلام آباد؟ شرکاء نے اسلام آباد میں احتجاج پر جانے کے حق میں ہاتھ کھڑے کیے۔
انہوں نے کہا کہ تمام قبائلی اضلاع جاکر اسلام آباد میں دھرنے پر رائے لوں گا، گورنر راج لگانے کی سازشیں ہو رہی ہیں، مجھے عدالتوں سے نااہل کروایا جائے گا یا راستے سے ہٹا دیا جائے گا۔