وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں سنگین واقعات پر ’مٹی پاؤ‘ کا دور ختم ہوا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ اب پنجاب کی بیٹیوں کے خون کا حساب لیا جائے گا، ہستا بستا گھرانہ اُجاڑنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ان کا مشن ہے۔
سانحہ بھاٹی گیٹ پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سعدیہ اور ان کی معصوم پری کے زخم دیکھ کر دل خون کے آنسو رویا، یہ زخم پنجاب کے ماتھے پر لگے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ مریم نواز کے نوٹس کے بعد سانحہ بھاٹی کا ’ڈیتھ ٹریپ‘ محفوظ زون میں تبدیل کردیا گیا، سائٹ کو جدید سیفٹی پروٹوکولز سے ڈھانپ دیا گیا اور حفاظتی اقدامات کے بغیر کام پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سانحہ بھاٹی گیٹ کی تفتیش نجی کمپنی سے بڑھ کر ’نااہل افسران‘ کے گریبانوں تک پہنچ گئی ہے۔
حادثے میں جاں بحق خاتون اور بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے کیس مزید تیزی سے آگے بڑھے گا۔