اسلام آباد ( نیوز ر پورٹر)پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو سیاسی عمل کیلئے براہ راست خطرہ اور ساز گار حالات پیدا کرنے میں رکاوٹ قرار دیا ہے ۔ اتوار کو وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزرائے خارجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ان خلاف ورزیوں کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ بیان میں اسرائیل کے ان اقدامات کو کشیدگی میں اضافے کا باعث قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان سے امن و استحکام کے قیام کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔