• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منور صدیقی، ثمن آباد، لاہور

موسمِ سرما میں سردی سب سے پہلے ہمارے جسم کے جس کم زور حصّے پر حملہ آور ہوتی ہے، وہ پوائنٹ ہے ہماری گردن اور کندھوں کی پچھلی نَسیں۔ زیادہ ٹھنڈ لگنے سے یہ نَسیں سخت ہو کر درد، جکڑن اور سَر بھاری ہونے کا بڑا سبب بنتی ہیں۔

اس موقعے پر ہم گرم ملبوسات پہن کر سردی کے باعث ہونے والی اس تکلیف سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں، مگر ایک قدرتی نسخہ ایسا بھی ہے، جس کے استعمال سے نہ صرف جسم کو حرارت ملتی ہے، بلکہ نَسوں کی جکڑن بھی رفع ہوجاتی ہے۔ ماضی میں اس نسخے کا استعمال گھروں میں عام تھا، لیکن آج لوگ اسے فراموش کر چُکے ہیں۔

اگر آپ بھی موسمِ سرما میں نَسوں کی جکڑن سے ہونے والی تکلیف سے پریشان رہتے ہیں، تو ہم آپ کو اس سے بچاؤ کا راز بتاتے ہیں اور وہ ہے، سفید تِل اور سونٹھ (خُشک ادرک) کا طاقت وَر امتزاج۔ 

یاد رہے، یہ کوئی معمولی نسخہ نہیں، بلکہ سفید تِل اپنے اندر موجود قدرتی حرارت اور کیلشیم کی وجہ سے نَسوں کو مضبوط کرتے ہیں اور سونٹھ جسم میں حرارت پیدا کر کے سردی سے ہونے والی جکڑن دُور کردیتی ہے۔

سونٹھ نہ صرف نَسوں کی جکڑن، گردن اور کمر کی سوجن دُور کرتی ہے بلکہ ہاتھوں، پیروں کی ٹھنڈک کم کر کے جسم کا ٹمپریچر بھی نارمل رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں، اس کے استعمال سے صُبح بےدار ہونے کے بعد جوڑوں میں ہونے والا درد بھی کم ہوجاتا ہے اور یہ سردی سے ہونے والی تھکاوٹ میں بھی کمی لاتی ہے۔

مزید برآں، یہ خون کی روانی بہتر بناتی ہے، یعنی ہاتھ، پاؤں سُن ہونے سے بچاتی ہے۔ اگر آپ سردیوں میں تھکاوٹ، جکڑن یا پٹّھوں میں تناؤ محسوس کرتے ہیں، تو یہ سادہ اور آسان گھریلو نسخہ آپ کی زندگی نہایت سہل بنا سکتا ہے۔

یاد رہے، جن افراد کے معدے میں گرمائش رہتی ہے یا جنہیں السر یا تیزابیت کی شکایت ہے، توان کے لیے یہ نسخہ موزوں نہیں۔ اس نسخے کے استعمال کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ رات کو سونے سے پہلے ایک چمچ سفید تِل اور ایک چُٹکی سونٹھ نیم گرم پانی یا دودھ کے ساتھ کھا لیں اور اس کے بعد 5 منٹ تک واک کریں تاکہ اس کا اثر پورے جسم میں پھیل جائے۔

سنڈے میگزین سے مزید
صحت سے مزید