سیکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات تعاقبی آپریشنز کے دوران مزید 22 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ گزشتہ 3 روز کے دوران آپریشنز میں 177 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ دہشت گردوں، سہولت کاروں کے خلاف سیکیورٹی فورسز، انٹیلی جنس ایجنسیز اور پولیس گھیرا تنگ کر رہی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مزید نقصانات اور ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الہندوستان کے مزید 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سیکیورٹی فورسز، پولیس، انٹیلی جنس ایجنسیز نے بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کو ناکام بنایا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو وطن عزیز کے بہادر سپوتوں پر مان ہے، فتنہ الہندوستان اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، بلوچستان میں قیام امن کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔