• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا بھارت سے میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ، بھارتی میڈیا کا واویلا

—فائل فوٹوز
—فائل فوٹوز

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد بھارتی میڈیا نئے شوشے چھوڑنے لگا۔

بھارتی میڈیا کو پاکستان کا فیصلہ ایک آنکھ نہ بھایا، من گھڑت خبروں سے آئی سی سی اور بھارتی بورڈ پر دباؤ ڈالنے لگا، پاکستان کو ورلڈ کپ سے نکالنے اور پابندیوں کا بیانیہ گھڑنے لگا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کا بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی بورڈ میٹنگ آج ہو گی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو باضابطہ فیصلے سے آگاہ نہیں کیا۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی بورڈ کی ورچوئل میٹنگ میں پاکستان کو ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دیے جانے سے متعلق فیصلہ ہو گا، پاکستان کو بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کی وجہ سے پابندیوں اور نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا نے آئی سی سی ذرائع سے متعلق رپورٹ پیش کی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کو اگلے ٹورنامنٹ کے لیے ممکنہ طور پر پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، پی سی بی کو مالی طور پر بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کے ٹاپ ممبر پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کھیلنے سے انکار کر سکتے ہیں، پاکستان سپر لیگ میں موجودہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ سے براڈ کاسٹر کے نقصان کے ازالے کا بھی کہا جا سکتا ہے۔

گزشتہ روز حکومتِ پاکستان نے قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلنے کی اجازت دی تھی۔

حکومتِ پاکستان نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید