• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وجے کے سیاسی دفتر میں ہجوم، پڑوسی تنگ آگئے، شکایت کردی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارتی اداکار سے سیاستدان بننے والے وجے کے پوش علاقے میں واقعے دفتر سے متعلق پڑوسیوں نے شکایت کردی۔

تمل ناڈو میں ریاستی اسمبلی کے الیکشن رواں برس ہونے ہیں، اسی سلسلے میں 51 سالہ وجے کی سیاسی جماعت ’ٹی وی کے‘کے دفتر میں رضاکاروں اور مداحوں کا غیر معمولی ہجوم ہوتا ہے۔

ہزاروں افراد نامزدگی فارم کےلیے دفتر آتے ہیں، جس کے باعث علاقے میں شدید افراتفری ہوتی ہے، ٹریفک جام ہوتا ہے اور سڑکیں بند کرنی پڑ جاتی ہیں۔

اس صورتحال سے علاقے کے رہائشی سخت نالا ہیں، جنہوں نے میڈیا کے روبرو اپنا امن و سکون برباد ہونے کی دہائی دی اور کہا کہ ’یہاں آخر کوئی کیسے رہ سکتا ہے۔

پڑوسیوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں ہم اپنے گھروں میں بھی پرسکون زندگی نہیں گزار سکتے ہیں، اس معاملے پر ضرورت پڑی تو رہائشی انجمن سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس نے بھیڑ کو کنٹرول کرنے کےلیے بیریکیڈز لگائے ہیں، جس کی وجہ سے تکلیف بڑھ جاتی ہے، ہم آزادانہ طور پر گلیوں میں چل بھی نہیں سکتے۔

وجے کی آخری فلم سینٹرل بورڈ آف فلم (سی بی ایف سی) میں رکی ہوئی ہے، جس کی ریلیز کے لیے فلم ساز نے مدراس ہائیکوٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

وہ آئندہ الیکشن میں تامل ناڈو کی ریاستی اسمبلی کے انتخاب میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید