سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس نے بات کرنی ہے اسمبلی میں آئے۔
سندھ اسمبلی میڈیا کارنر میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی میں ملوث ہے، وہ اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں حملے کرا رہا ہے، فیک اکاؤنٹ سے مذہبی انتشار کی مہم چلائی گئی، ساری بزدلانہ کارروائی بھارت کی طرف کی جا رہی ہیں، کوئی بھی دشمن ملک ایسی کارروائیاں کرے گا تو ہم اسے منہ توڑ جواب دینے کو تیار ہیں۔
شرجیل میمن کا کنا ہے کہ اسلام آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، دہشت گردوں نے معصوم لوگوں پر حملہ کیا، جو دشمن ممالک سامنے آ کر لڑ نہیں سکتے وہ پراکسی کے ذریعے سازشیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسائل پاکستان کے ہر شہر میں ہیں، دو سیاسی جماعتیں ایسی ہے جن کی سیاست تنقید کرنے کی ہے، اگر یہ تنقید نہیں کریں گے تو ان کی سیاست کیسے چلے گی؟ اگر یہ مخالفت نہیں کریں گے تو سیاست کیا کریں گے؟ یہی مخالفت کہیں اور نظر نہیں آئے گی، باقی صوبوں میں واقعات ہوئے تو ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی خاموش کیوں رہیں؟ ان کی سیاست کا دارومدار تنقید پر ہے، اتوار کو ہرتال کی کال دی گئی، ویسے ہی بند ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں آگ لگنے کے 1 ہزار 55 واقعات ہوئے، وہ آگ کس نے بجھائی؟ وہ آگ کیا کسی اور مخلوق نے بجھائی؟
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ چند دن پہلے سندھ اسمبلی نے کامن ویلتھ کی میزبانی کی، ایک تاریخی پروگرام ہوا، پیغام گیا کہ پاکستان اور سندھ امن کا گہوارا ہیں، مائی کراچی بھی چند دن پہلے ہوا، ڈیفنس ایکسپو بھی کراچی میں ہوتی ہے، یہاں ایسے ایونٹ ہوتے رہتے ہیں، ورلڈ بینک کے وفد نے بھی سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا ہاؤسنگ پروجیکٹ سندھ حکومت بنا رہی ہے، سندھ حکومت نے ہر شہر اور منصوبے کو فوکس کر رکھا ہے، کوشش ہے کہ تمام منصوبے وقت پر مکمل کیے جائیں۔