• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: ’ہنی مون قتل کیس‘ کے پیچھے چھپی 7 سال پرانی کہانی سامنے آ گئی

—کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا
—کولاج بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست راجستھان سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں نئی نویلی دلہن پر اپنے شوہر کے قتل کی سازش رچانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ 

30 جنوری کی رات کو پیش آنے والے اس واقعے کو بھارتی میڈیا پر ’راجستھان ہنی مون مرڈر‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے شوہر کو ہنی مون پر قتل کروانے والی 23 سالہ انجلـی کی ملاقات 2018ء میں ایک تقریب کے دوران سنجے نامی لڑکے سے ہوئی تھی جو ایک ویٹر تھا، اس وقت انجلـی کے پاس موبائل فون نہیں تھا جس کے سبب دونوں کے درمیان رابطہ ٹوٹ گیا۔

بعد ازاں 2024ء میں انجلی نے موبائل فون آ جانے پر دوبارہ سنجے سے رابطہ کیا اور دونوں کے درمیان رومانوی تعلق قائم ہو گیا۔

ادھر انجلـی کے والدین نے اس کی شادی اشیش کمار سے کروا دی، رخصتی کے بعد انجلـی سسرال تو روانہ ہو گئی مگر ناخوش رہی اور اس نے سنجے کے ساتھ رابطہ برقرار رکھا۔

رخصتی کے کچھ دنوں بعد انجلـی اپنے میکے گئی جہاں مبینہ طور پر اس نے سنجے کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی، واردات کے دن دونوں کے درمیان متعدد واٹس ایپ کالز بھی ہوئیں۔

30 جنوری کی رات کھانے کے بعد انجلـی شوہر کو سیر کے بہانے جنگل کی جانب لے گئی جہاں سنجے اپنے ساتھیوں کے ساتھ پہلے سے جھاڑیوں میں چھپا بیٹھا تھا۔

موقع پر پہنچتے ہی سنجے نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پہلے اشیش پر ڈنڈوں سے حملہ کیا اور بعد میں مفلر سے گلا گھونٹ کر قتل کر دیا، اس واردات کو ڈکیتی ظاہر کرنے کے لیے انجلـی نے اپنے زیورات اور شوہر کا موبائل فون حملہ آوروں کو دے دیا اور خود بے ہوش ہونے کا ڈرامہ کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سر پر شدید چوٹ اور گلا گھونٹنے سے موت کی تصدیق ہونے کے بعد کیس کی نئے رُخ سے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے انجلـی، سنجے اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے، انجلـی کو جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان پولیس ریمانڈ پر ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید