گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ بھارت جانتا ہے کہ 24 کروڑ لوگوں کا ملک ایک ہو کر کھڑا ہوا تو معرکۂ معیشت میں بھی کامیابی ہو گی۔
انہوں نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، بھارت رسوائی کا بدلہ لینے کے لیے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، دہشت گرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہم اپنے حوصلے پست نہیں ہونے دیں گے، شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، جہاں بھی ضرورت پڑے گی ذاتی حیثیت میں آپ کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دنیا نے بھارت کی دہشت گردی کو کینیڈا اور بنگلادیش میں بھی دیکھ لیا ہے، پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے تمام شواہد موجود ہیں اور بھارتی پشت پناہی سے افغانستان میں بیٹھے دہشت گرد پاکستان کے نہتے شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو 10 مئی کی جنگ میں صرف رسوائی ملی اور بھارت اس رسوائی کا بدلہ لینے کے لیے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے۔
گورنر سندھ نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد اور یکجہتی سے دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں گے۔
اسلام آباد میں ترلائی واقعے کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا ہے کہ معصوم لوگوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس واقعے میں صبر صرف اللّٰہ پاک کی ذات دے سکتی ہے اور یہ حسینیت ہی ہے جو یزیدیت کا سامنا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب یکجہتی سے یزیدیت کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے، ان دہشت گردوں کا مذہب دہشت گردی ہی ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ اس دہشت گردی کے پیچھے انتہا پسند نریندر مودی اور اس کے ساتھی ہیں، مودی کے افغانستان میں ساتھی نہتے پاکستانیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
انہو نے یہ بھی کہا ہے کہ 10 مئی کو بھارت افواجِ پاکستان کا مقابلہ نہ کر سکا، آج بھارت ہاری ہوئی جنگ کا بدلہ لینے کی سازشیں کر رہا ہے اور ایسی دہشت گرد کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔