• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرمائی اولمپکس 2026ء تنازع: افتتاحی تقریب میں’شیطانی‘ علامتوں کا استعمال، سوشل میڈیا پر ہنگامہ

— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
— تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

2026ء کے سرمائی اولمپکس کا آغاز 6 فروری کو اٹلی کے شہر میلان اور کورتینا میں شاندار تقریب کے ساتھ ہوا، تاہم اس افتتاحی تقریب کی ایک تصویر نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے مذکورہ تصویر کی بنیاد پر افتتاحی تقریب میں استعمال ہونے والے ایک نقش کو ’شیطانی‘ علامتوں سے جوڑ دیا ہے، صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہ علامت الٹے پینٹاگرام سے ملتی جلتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تنازع کا مرکز اولمپک مشعل دان (Olympic cauldron) بنا، جس کے بارے میں کچھ سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ الٹے پنٹا گرام سے مشابہت رکھتا ہے، ایک ایسی علامت جو عموماً خفیہ یا شیطانی نظریات سے منسوب کی جاتی ہے۔

تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیوز پر ناقدین نے ایک مخصوص لمحے کی نشاندہی کی ہے، جب معروف ڈیزائنر مارکو بالیچ کی جانب سے تیار کردہ متحرک اولمپک کاولڈرون پھیل کر ستارے جیسی شکل اختیار کرتا ہے۔

وائرل پوسٹس میں اس ساخت کو الٹا پنٹا گرام قرار دیا گیا، جبکہ بعض صارفین نے منتظمین پر علامتی رسومات کے استعمال کا الزام بھی عائد کیا۔

— سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہ علامت الٹے پینٹاگرام سے ملتی جلتی ہے۔
— سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہ علامت الٹے پینٹاگرام سے ملتی جلتی ہے۔

سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جانے والی پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اولمپک کاولڈرون کا ڈیزائن اور دہری روشنی دراصل خفیہ اشارے ہیں جو سب کے سامنے چھپائے گئے۔

اس تنازع کے بعد منتظمین نے فوری طور پر وضاحت پیش کی اور کہا کہ آفیشل ڈیزائن نوٹس کے مطابق مشعل دان کی ساخت رینیسانس کے دور کی جیومیٹری اور لیونارڈو ڈا ونچی کی نوٹ بکس سے متاثر ہے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ رینیسانس جسے اردو میں نشاۃِ ثانیہ کہتے ہیں کا لفظی ترجمہ نئی پیدائش یا احیاء کے ہیں، اسی مناسبت سے رینیسانس دور سے مراد 14 ویں سے 16 ویں صدی کا وہ دور ہے جب یورپ میں علم، فنون لطیفہ، ادب اور سائنس کے میدان میں تیزی سے ترقی ہوئی اور اسے بطور بیداری کا دور بھی دیکھا جاتا ہے۔

افتتاحی تقریب کے آرٹسٹک ڈائریکٹرز کا کہنا ہے کہ ان نمونوں و علامات کا مقصد ہم آہنگی، تسلسل اور فطرت و انسانی جدت کے باہمی تعلق کی عکاسی کرنا ہے۔

تاہم ان وضاحتوں کے باوجود شیطانی علامتوں سے متعلق دعوے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ افتتاحی تقریب میں ممالک کی پریڈ کے دوران بعض سیاسی نعروں اور ہوٹنگ سے متعلق رپورٹس بھی سامنے آ رہی ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید