• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوات ایکسپریس وے کی تعمیرصوبے کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی، پرویز خٹک

پشاور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت 23اگست کو سوات ایکسپریس وے کی تعمیر کا باضابطہ افتتاح کر رہی ہے،دو مختلف مقامات ایم ون پر کرنل شیر خان انٹر چینج اور ملاکنڈ سے منصوبے کا ایک ہی دن افتتاح کیاجائے گا۔رواں اور آئندہ ماہ ہمارے لئے بہت اہم ہیں کیونکہ ہماری حکومت مختلف میگا منصوبوں کی تعمیر کا اجراء کرے گی جو صوبے کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہو ں گے ۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں صوبے کی ترقیاتی حکمت عملی سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، صوبائی حکومت نے صوبے کے تین مختلف زونز کیلئے مختلف ترقیاتی پیکجز تشکیل دیئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے شمالی زون میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے پن بجلی گھروں سمیت دیگر اہم منصوبے شامل ہیں جبکہ سنٹرل زون میںترقیاتی حکمت عملی کے تحت مختلف شعبوں میں ترقیاتی سکیمیں رکھی گئی ہیں اور جنوبی زون کیلئے بھی مختلف شعبوں میں اہم منصوبے رکھے گئے ہیں ان منصوبوں میں ریل ، روڈ کمیونیکشن، انفراسٹرکچرڈویلپمنٹ، پن بجلی، ہائوسنگ، ایریگیشن، آئل ریفائنری، سیمنٹ انڈسٹری اور چھوٹے، درمیانے اور بڑے سائز کے صنعتی یونٹس شامل ہیں، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی حکمت عملی پر موثر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے۔ صوبائی حکومت کے پاس منصوبوں کیلئے وسائل موجود ہیں تاہم صوبے کے میگا منصوبوں کیلئے بیرونی سرمایہ کاروں کو بھی آمادہ کیا جائے گا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ یہ صوبہ وسائل سے مالا مال ہے ضرورت اس اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو قومی مفاد میں استعمال کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ اُمید ہے موجودہ صوبائی حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی سے صوبے میں صنعتوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ انکی حکومت نے صوبے کے وسائل کو عوامی مفاد میں بروئے کار لانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہے جو صوبے کی مجموعی ترقی کا موجب ہو گی۔ بنیادی مقصد صوبے کی معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے۔
تازہ ترین