• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے نوشہرہ میں بجلی چوروں کیخلاف فری ہینڈ دیدیا، پیسکو چیف

پشاور(فورم رپورٹ، محمد سلمان، عکاسی فرمان اللہ جان)پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی(پیسکو) کے چیف ایگزیکٹیو انوارالحق یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے نوشہرہ میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کیلئے فری ہینڈ دیدیا ہے بجلی چوروں سے کسی قسم کی نرمی نہیں کی جائے گی گزشتہ جون میں لاسز4.5فیصد کم ہو گئے ہیں اسی طرح ریکوری میں2فیصد بہتری آئی ہے جبکہ پیسکو کا مالی خسارہ16ارب سے کم ہو کر 13ارب پر آپہنچا ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق2018ء میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ تو ہو جائے گا لیکن جہاں بجلی چوری ہو گی وہاں لوڈ شیڈنگ برقرار رہے گی کوئی بھی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ انہیں مفت میں بجلی ملے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جنگ فورم میں کیا ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز شوکت افضل بھی موجود تھے انوارالحق یوسفزئی نے کہا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران لاسز میں 01 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اسی طرح ریکوری میں بھی ایک فیصد بہتری آئی ہے ادارے کا خسارہ 16 ارب سے کم ہو کر 13ارب تک آگیا ہے انہوں نے کہا کہ جن جن علاقوں سے 90فیصد ادائیگی ہو رہی ہے وہاں سے مکمل لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیا ہے البتہ جہاں سے ریکوری اچھی نہیں مل رہی وہاں تاحال لوڈشیڈنگ برقرار ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت 250فیڈر پر بجلی چوری ہو رہی ہے سب سے زیادہ بجلی چوری پشاور شہر کے گردونواح میں ہو رہی ہے اور یوں یہ لوگ پھر سڑکوں پر نکل کر احتجاج بھی کرتے ہیں بجلی چوری کی روک تھام میں ہم نے نوشہرہ میں بھی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں اس ضمن میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات بھی کی ہے اور انہوں نے مکمل تعاون کی فراہمی کے ساتھ ساتھ فری ہینڈ بھی دیا ہے تاہم نوشہرہ کے 100فیڈرز پر تقریباً30فیصد بجلی چوری ہوتی ہے ان کا کہنا تھا کہ حیات آباد، پشاور کینٹ، پشاور سٹی، ہزارہ سرکل، صوابی، سوات اور مردان سے ہمیں اچھی ریکوری مل رہی ہے اس کے علاوہ بنوں اور ڈی آئی خان سمیت دیگر اضلاع میں خسارہ اب بھی موجود ہےانہوں نے کہاکہ ہمارے لیے جون ، جولائی اور اگست کے مہینے بڑے مشکل ہوتے ہیں ان میں گرمی عروج پر ہوتی ہے اور بجلی منقطع ہونے کابڑا مسئلہ ہوتا ہے لیکن میں یہاں بتاتا چلوں کہ ہم نے ان مہینوں میں بھی بجلی صارفین کو بہتر سہولیات دی ہیں اور آگے بھی دیتے رہیں گے کیونکہ ہمارا اصل ہدف صارفین کو بہتر سہولیات دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 50نئے فیڈرز شروع کر دیئے ہیں اس کے ساتھ تارو، بری کوٹ، چھوٹا لاہور، دیر، سخی چشمہ میں نئے گرڈ بنائے جا رہے ہیں اور امید ہے کہ جون2017ء تک یہ مکمل ہو جائیں گے۔
تازہ ترین