سانحہ گل پلازا کے خلاف آئینی درخواست کی سماعت کے دوران چیف فائر افسر نے سندھ ہائی کورٹ میں جواب جمع کروا دیا۔
دوران سماعت چیف فائر افسر نے کہا کہ فائر سیفٹی قوانین پر عمل کرانا فائر بریگیڈ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، فائر بریگیڈ حکام نے 2021ء میں گل پلازا میں فائر سیفٹی سروے کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مشاہدات اور فائر سیفٹی انتظامات میں خامیوں پر گل پلازا انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا، گل پلازا میں آتشزدگی کے دوران فائر بریگیڈ نے آپریشن میں حصہ لیا، فائر بریگیڈ کا ایک اہلکار فرقان گل پلازا آپریشن کے دوران شہید ہوا۔
چیف فائر افسر کا کہنا ہے کہ گل پلازا میں آتشزدگی کی اطلاع 10 بج کر 26 منٹ پر موصول ہوئی، پہلا فائر ٹینڈر 10 بج کر 27 منٹ پر روانہ ہوا، فائر بریگیڈ حکام نے مختلف عمارتوں میں فائر سیفٹی سروے کیا تھا۔
سماعت کے دوران چیف فائر افسر نے کہا کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر فائر سروے سے متعلق میٹنگ اور سروے کرتے ہیں، چیف سیکریٹری نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے تحت فائر سیفٹی آڈٹ کمیٹیاں بنائی ہیں، کمیٹیاں دیگر محکموں کے ساتھ مل کر کمرشل عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کر رہی ہیں۔