• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذاتی ڈاکٹرز کی عدم موجودگی میں بانی کا کوئی علاج شروع نہ کیا جائے، ترجمان پی ٹی آئی

بانی پی ٹی آئی : فائل فوٹو
بانی پی ٹی آئی : فائل فوٹو 

پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا ہے کہ ذاتی ڈاکٹرز کی عدم موجودگی میں بانی پی ٹی آئی کا کوئی علاج شروع نہ کیا جائے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ خاندان اور ذاتی معالجین کو اعتماد میں لیے بغیر بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی قبول نہیں، بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ خاندان کے کم از کم ایک فرد کی موجودگی میں کیا جائے۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ بانی کی صحت سے متعلق رازداری مسترد کرتے ہیں، خفیہ یا یکطرفہ اقدام کے نتائج کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔

ترجمان پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے تحریری احکامات میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری علاج یقینی بنایا جائے، علاج میں تاخیر غیر انسانی اور افسوسناک ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایک بیان میں رہنما مسلم لیگ (ن) طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے بیٹوں سے بات کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے پیش نظر ان کو اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی ہمدردی اور قانونی تقاضوں کو مقدم رکھتی ہے، ہر قیدی کو قانون کے مطابق سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

قومی خبریں سے مزید