• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیتھلے میں جاں بحق ہونے والے سہیل چوہدری کی یاد میں تعزیتی اجتماع

بریڈ فورڈ کے علاقے کیتھلے کے رہائشی سہیل چودھری مرحوم کی یاد میں ایک تعزیتی اجتماع منعقد کیا گیا، جو حالیہ حملے میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔ اہلِ خانہ اور دوستوں نے فلاس بی اسٹریٹ، کیتھلے میں اُس مقام پر اجتماع کیا جہاں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا۔

پولیس نے واقعے کے بعد قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تفتیش کے سلسلے میں متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا تاہم بعد ازاں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

پیر کے روز ہونے والے اجتماع میں 100 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے مرحوم کی یاد میں پھول رکھے اور تعزیتی تقاریر کیں۔

35 سالہ سہیل چودھری کو اتوار 8 فروری کی صبح تقریباً 3 بج کر 14 منٹ پر فلاس بی اسٹریٹ سے شدید سر کی چوٹوں کی حالت میں پایا گیا تھا۔ دو بچوں کے والد سہیل، جن کی اہلیہ زارا تیسرے بچے کی توقع کر رہی ہیں، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ بدھ 11 فروری کو انتقال کر گئے ان کی نماز جنازہ اور تدفین 15فروری کو کر دی گئی۔

اجتماع کے دوران سہیل کے والد شعبان چودھری نے جنگ لندن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل شکستہ ہیں، ہماری دنیا اجڑ گئی ہے۔ سہیل ایک محبت کرنے والا بیٹا، بھائی اور اپنے بچوں کا شفیق باپ تھا۔اس کی درد ناک موت سے تمام فیملی کرب میں ہے۔

سابق کونسلر کنیز اختر کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے سے جس طرح کمیونٹی نے ہماری سپورٹ کی ،دکھ کی اس گھڑی میں ہمیں سہارا دیا ان کے شکر گزار ہیں۔

بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ اگر کسی نے واقعے سے متعلق کچھ دیکھا یا سنا ہو تو آگے آ کر معلومات فراہم کریں، چھوٹی سے چھوٹی تفصیل بھی اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ میرے بیٹے کو انصاف دلانے میں ہماری مدد کریں۔

اہلِ خانہ نے ہومیسائیڈ اینڈ میجر انکوائری ٹیم، ایمبولینس عملے اور لیڈز جنرل انفریمر ی کے طبی عملے کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے سہیل کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق عوام معلومات فراہم کرنے کے لیے آن لائن میجر انسیڈنٹ پبلک پورٹل کے ذریعے بھی خفیہ طور پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید