• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ: جائیداد تنازع میں کے پی حکومت اور محتسب کی اپیلیں خارج

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سپریم کورٹ نے جائیداد کی ملکیت اور تقسیم سے متعلق کیس میں خیبر پختون خوا حکومت اور صوبائی محتسب کی جانب سے دائر اپیلیں ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیں۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالتِ عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ جب نجی فریقین خود خاموش ہیں تو حکومت اور محتسب اپیل میں کیوں آئے؟

سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ محتسب جج کی حیثیت رکھتا ہے، فریق نہیں، لہٰذا وہ اعلیٰ عدالتوں میں اپنے فیصلوں کی وکالت نہیں کر سکتا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ محتسب ایک نیم عدالتی ادارہ ہے اور وہ کسی فیصلے سے متاثر ہونے والا فریق نہیں بن سکتا، محتسب کی حیثیت ایک منصف کی ہے اور اسے غیر جانبدار رہنا چاہیے۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ خیبر پختون خوا حکومت نہ تو اس جائیداد کی وارث تھی اور نہ ہی فیصلے سے اسے کوئی ذاتی نقصان پہنچا، اس لیے حکومت اور محتسب کو اپیل دائر کرنے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں تھا۔

عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر جائیداد کے اصل دعوے دار اپیل کرنا چاہیں تو ان کا حق متاثر نہیں ہو گا۔

یاد رہے کہ یہ تنازع شبیر خان اور دیگر نجی فریقین کے درمیان جائیداد کی ملکیت اور تقسیم سے متعلق تھا، خیبر پختون خوا کی خاتون محتسب نے ویمن پراپرٹی ایکٹ 2019ء کے تحت اس کیس میں فیصلہ دیا تھا، تاہم پشاور ہائی کورٹ نے محتسب کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے دائرہ اختیار سے تجاوز قرار دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید