• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی ارکانِ پارلیمنٹ کا ریڈ کارڈ معطلی پر سربراہ فیفا کیخلاف تحقیقات کا مطالبہ

یورپی ارکانِ پارلیمنٹ نے ریڈ کارڈ معطلی پر فیفا کے سربراہ انفانٹینو کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا، قانون سازوں نے ٹرمپ کی مداخلت کے بعد بالوگن کی معطلی کو ختم کرنے کے فیفا کے فیصلے کو شرمناک قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فیفا کے سربراہ انفانٹینو نے امریکی صدر ٹرمپ کی دوستی نبھانے کیلئے فٹ بال کی عالمی تاریخ کو مسخ کیا ہے۔ یورپین فٹ بال باڈی نے بھی اس فیصلے کو ناقابلِ فہم اور بلاجواز قرار دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق یورپی قانون سازوں کا مطالبہ امریکی اسٹرائیکر فولارین بالوگن کی ورلڈ کپ معطلی کو منسوخ کرنے کے تنظیم کے بے مثال فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس فیصلے نے یہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں کہ آیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دباؤ نے اس اقدام پر اثر ڈالا۔

رپورٹ کے مطابق، یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کے ایک گروپ نے گزشتہ روز ایک مہم شروع کی جس میں اس فیصلے میں انفانٹینو کے کردار کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یورپی پارلیمنٹ نے یورپی یونین کے فٹ بال ایسوسی ایشنز پر زور دیا ہے کہ وہ فیصلے سازی کے عمل اور کسی بھی ممکنہ سیاسی مداخلت کی فیفا سے باضابطہ نظرثانی کا مطالبہ کریں۔

بالوگن کوبوسنیا اور ہرزیگووینا کے خلاف امریکہ کی فتح کے دوران ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا جس کے باعث عام طور پر ایسے کھلاڑی کو جسے ریڈ کارڈ کا سامنا ہو اگلے میچ سے باہر بیٹھنا پڑتا۔

لیکن فیفا کے سربراہ انفانٹینو نے امریکی صدر ٹرمپ کی دوستی نبھانے کیلئے فٹ بال کی عالمی تاریخ مسخ کرکے ایک نیا باب رقم کردیا۔ یورپ کی فٹ بال گورننگ باڈی، یوئیفا نے اس فیصلے کو ناقابلِ فہم اور بلاجواز قرار دیا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید