• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ معاشرہ ہم سب کا ہے، اور اس کی بھلائی بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بڑے بڑے فلاحی اداروں کے بارے میں معلومات حاصل کرنا آج مشکل نہیں۔ جو لوگ ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں وہ متعلقہ ویب سائٹس پر جا کر اُن کے منصوبوں، اخراجات اور خدمات کی تفصیل دیکھ سکتے ہیں اور اطمینان کے بعد مالی تعاون کر سکتے ہیں۔ تاہم ہمارے اردگرد بہت سے ایسے چھوٹے مگر نہایت مخلص ادارے بھی کام کر رہے ہوتے ہیں جن کے بارے میں عام لوگوں کو زیادہ علم نہیں ہوتا۔ ان اداروں کی مدد کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے کیونکہ یہی خاموشی سے معاشرے کے سب سے محروم طبقات کو سہارا دے رہے ہیں۔ میں گزشتہ چند برسوں سے" ہمارا گھر" کے بارے میں لکھتا آ رہا ہوں، جو یتیم بچیوں کی کفالت، رہائش اور تعلیم و تربیت کا عظیم کام انجام دے رہا ہے۔ اگر آپ مطمئن ہوں تو ان بچیوں کی مدد کر کے اُن کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں حصہ ڈالیں۔ اسی طرح غریب مریضوں کے علاج کیلئے پاکستان کڈنی سنٹر انسانیت کی خدمت سر انجام دے رہا ہے، جہاں بڑی تعداد میں مستحق مریضوں کا مفت ڈائلیسز کیا جاتا ہے۔ اس مرکز کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ اس نیکی کے کام میں حصہ ڈالنے کے خواہشمند افراد ڈاکٹر خلیل الرحمٰن سے رابطہ کر سکتے ہیں یا ادارے کی ویب سائٹ وزٹ کر سکتے ہیں۔

مزید برآں رازی سنٹر بھی خاموشی سے دکھی انسانیت کی خدمت کر رہا ہے۔ یہاں غریب مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے جبکہ عام افراد کیلئے بھی نہایت کم فیس پر علاج اور ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ دولت، صحت اور آسائشیں ہمارے لیے امانت اور آزمائش کی حیثیت رکھتی ہیں۔ اگر ہر صاحبِ حیثیت فرد ایک یتیم بچے، ایک بیوہ یا ایک بیمار انسان کی ذمہ داری اٹھا لے تو معاشرے سے محرومی اور مایوسی کا اندھیرا بڑی حد تک ختم ہو سکتا ہے۔ نیکی کے یہ کام نہ صرف ضرورت مندوں کی زندگی بدلتے ہیں بلکہ دینے والے کے دل کو بھی سکون بخشتے ہیں اور اُن کی دنیا اور آخرت بھی سنوارتے ہیں۔

تازہ ترین