اسرائیلی فوج نے ایران کے دارالحکومت تہران میں مہر آباد ایئرپورٹ پر فضائی حملہ کرکے دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی مہر آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کے دوران ایرانی دفاعی اور نگرانی (ڈیٹیکشن) نظام کو تباہ کر دیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ فضائیہ کی دسویں اسٹرائیک سورتھی (strike sortie) کے دوران کیا گیا، جس کی رہنمائی عسکری انٹیلی جنس اور موساد نے کی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حملے میں ایئرپورٹ کے اندر موجود اس انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا جو ایرانی نظام کے فضائی دفاع اور نگرانی کے لیے استعمال ہو رہا تھا اور اسرائیلی طیاروں کے لیے خطرہ بن سکتا تھا، حملے کا مقصد ایران کی جانب سے فضائی دفاع کے نظام کو غیر فعال کرنا تھا۔
اسرائیلی فوج نے مزید کہا ہے کہ وہ ایران بھر میں ایرانی نظام کے تمام عسکری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج کے اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایران میں کم از کم مزید ایک سے دو ہفتوں تک فوجی آپریشن جاری رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، اس دوران ایرانی حکومت اور اس کے فوجی ڈھانچے سے متعلق ہزاروں مزید اہداف کو نشانہ بنانے کا ارادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کا ہدف ایرانی نظام اور اس کی عسکری تنصیبات کو مرحلہ وار اور منظم انداز میں کمزور کرنا ہے، تاکہ اس کی دفاعی اور حملہ آور صلاحیت کو طویل مدت کے لیے متاثر کیا جا سکے۔