امریکا میں منعقد ہونے والا سب سے بڑا سالانہ ہیوسٹن افطار ڈنر شاندار اور منظم انداز میں منعقد کیا گیا جس میں 2 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔
یہ افطار ڈنر مسلم سسٹر سٹیز ابوظہبی، باکو، بصرہ، استنبول اور کراچی کے تعاون سے منعقد کیا جاتا ہے جبکہ Islamic Society of Greater Houston، اسماعیلی کونسل، بورا جماعت اور 50 سے زائد دیگر تنظیمیں بھی اس میں شریک ہوتی ہیں۔
تقریب کے انتظامات میں 2 سو سے زائد رضاکاروں نے حصہ لیا، افطار ڈنر کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ نے تمام رضاکاروں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی محنت اور تعاون کی بدولت یہ افطار ڈنر انتہائی منظم انداز میں منعقد کیا جا سکا۔
اس تقریب میں دنیا کے 20 سے زائد ممالک کے قونصل جنرل اور مختلف منتخب عہدیداروں نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ بین الاقوامی اداروں جیسے World Affairs Council اور Medical Bridges سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے جو اس تاریخی تقریب میں پہلی بار دیگر منتخب عہدیداروں کے ساتھ موجود تھے۔
ہر سال اس تقریب میں شرکت کرنے والے امریکی کانگریس کے رکن ایل گرین نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ افطار ڈنر مسلم کمیونٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تقریب مختلف کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتی ہے جہاں بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی تنوع کو فروغ دیا جاتا ہے جو امریکی معاشرے کی اصل روح ہے۔
ہیوسٹن کے میئر جوہن وائٹ مائر نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہر ہیوسٹن مسلم کمیونٹی کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس افطار ڈنر نے کمیونٹی کے اتحاد اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا ہے۔
اس موقع پر افطار ڈنر کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ نے کہا کہ یہ افطار ڈنر ایک تاریخی اور منفرد ایونٹ بن چکا ہے۔
انہوں نے سید جاوید انور کا خصوصی شکریہ ادا کیا جو گزشتہ 15 برس سے اس تقریب کے گرینڈ اسپانسر ہیں جبکہ دیگر تمام تنظیموں اور رضاکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب میں معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر امام محمد حق نے رمضان المبارک کی روحانیت اور اس کے پیغام پر خطاب کیا۔
ترک کمیونٹی کے امام مصطفیٰ یگت نے اذان دی اور کلام پاک کی تلاوت کی جبکہ پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ قاری سید صداقت علی نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے قرآن پاک کی تلاوت کی۔
مغرب کی نماز مفتی عبدالستار قادری صدیقی نے پڑھائی۔
تقریب میں شریک افراد نے انتظامات کو سراہتے ہوئے ٹیم اور پروڈکشن ٹیم کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی خدمات سے یہ افطار ڈنر کامیابی کے ساتھ منعقد ہو سکا۔